میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سانحہ تربت، 15افراد کی میتیں لاہور پہنچادی گئیں

سانحہ تربت، 15افراد کی میتیں لاہور پہنچادی گئیں

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۷ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کوئٹہ(بیورورپورٹ)بلوچستان کے علاقے تربت میں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 15 افراد کی نمازِ جنازہ کے بعد میتوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹجنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ان افراد کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ان افراد کی نمازِ جنازہ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سخت حفاظتی اقدامات کیے تھے۔نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد تربت میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء زہری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تربت واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔بعد ازاں تربت واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی میتوں کو سی 130 طیارے کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھیجا جائے گا۔سینئر ضلعی انتظامیہ کے حکام نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست پر بتایا کہ شرپسندوں نے ان افراد کو پاک ایران سرحد کے قریب ہی فائرنگ کر کے ہلاک کیا، جو غیر قانونی راستوں سے ایران میں داخل ہونا چاہتے تھے، جس کے بعد وہ ترکی کے ذریعے ملازمت کے لیے یورپ جانا چاہتے تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے تربت واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے لیے مالی مدد کا اعلان کردیا۔واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو فی کس 10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 15 افراد کا قتل انسانیت سوز واقعہ ہے، معصوم لوگوں کی زندگیاں چھیننے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور معصوم لوگوں کو جھانسہ دینے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس، ایف آئی اے کے ساتھ مل کر جعلی ٹریول ایجنٹس کا قلع قمع کرے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں