بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتو سمجھ جا ؤزیراعظم چور ہے، مریم نواز
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب بھی ملک میں بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا تو عمران کہتا کہ وزیراعظم چور ہے آج بتائے چورکون ہے، نیب کے ذریعے ہمارا انتقام لیا گیا جب اپنی باری آئی تو نیب کا پورا قانون بدل دیا، عمران جو مرضی کرلو خود کو احتساب سے نہیں بچاسکتے۔فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ فیصل آباد والو !آپ کا بہت بہت شکریہ رانا ثناء اللہ کو سلام پیش کرتے ہیں ،انہوں نے ہیروئن کا جعلی مقدمہ بھگتا مگر ڈرا نہ جھکا۔ جب نواز شریف سے انتقام لیا جارہا تھا تو انہوں نے کہا میں اپنامعاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں جب انسان اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہے تو پھر دنیا کی تمام ہونے اور ایک پیج پر ہونے کے باوجود تاریخی ناکامی تاریخی ذلت و رسوائی ظالم کا مقدر بنتی ہے۔ آج نواز شریف کے مخالفین کو عبرت کا نشان بنایا ہے یا نہیں؟ اورجس نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا اس کو اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا ۔ عمران خان کہتا تھا جب آٹا، چینی مہنگی ہو جائے اوربجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہو توسمجھ جائو وزیراعظم چورہے۔ نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے کلو تھی آج 3 سال کے بعد 120 سے بھی بڑھ گئی ہے فیصل آباد والو بتائو چور کون ہوا۔ نواز شریف کے دور میں روئی 2 روپے پھر5 روپے ہوگئی آج روئی 25 روپے کی ہوگئی ہے تو پھر چور کون ہے۔ نواز شریف کے دور میں بجلی دس گیارہ روپے یونٹ ہوا کرتی تھی آج بجلی 24,25,26 روپے یونٹ ہے تو چور کون ہے؟نواز شریف کے دور میں پٹرول 70 روپے لیٹر تھا آج 138 روپے لیٹر ہے تو پھر چور کون ہے؟مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے دور میںکوکنگ آئل 140 روپے اور آج 340 روپے ہے تو پھر چور کون ہے؟جب پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں تو دنیا کی ہر چیز مہنگی ہوتی ہے۔عمران خان نے ایک ہی وعدہ پورا کیا کہ میں ان کو رلاؤں گا اس نے پوری قوم کو رلا دیا آج ہر مرد خواتین عمران خان کو بددعائیں دے رہے ہیں۔نواز شریف نے مجھے فون کر کے کہا کہ میری طرف سے عوام سے ہمدردی کا اظہار کرنا اور عوام سے کہنا کہ جب آپ پر تکلیف آتی ہے تو نواز شریف کادل خون کے آنسو روتا ہے۔ مہنگائی کرکے ان کو سکون نہیں ملا یہ بے حس لوگ ہیں ان کے وزیر کہتے ہیں اگر آٹا مہنگا ہے تو 2 کے بجائے ایک روٹی کھالو ان کی نالائقیوں ،نااہلیوں اور بے حسی کی وجہ سے لوگ ڈینگی سے مررہے ہیں مگر ان بے حسوں کو کوئی پرواہ نہیں۔ نواز شریف تمہارے بغیر لوگ رل گئے ہیں شہباز شریف لوگ تمہیں آواز دے رہے ہیں آج ڈینگی سپرے کرانے والا کوئی نہیں ۔ عمران خان نے کہا ادویات مہنگی کردوں تو علاج کرانا نہیں ،عمران خان کہتا ہے سکون صرف قبر میں ہے عمران تم نے پوری قوم کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی ہے مگر مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے۔ عمران کی حکومت کا یہ حال ہے کہ گرمی آئی ہے تو بجلی غائب اور سردی آئی ہے تو گیس غائب ،وقت نے ثابت کیا کہ نواز شریف اورشہباز شریف سے بڑا پاکستان کی تاریخ میں کوئی دیانتدارنہیں آیا۔ برطانیہ کی عدالت نے کہہ دیا کہ شہباز شریف پر منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی جس پر میں نے شہباز شریف سے کہاکہ انکل آپ کو مبارک ہو آپ کو اللہ تعالیٰ نے انٹرنیشنل صادق اور امین بنا دیا ہے۔ عمران خان نے نیب کے ذریعے انتقام لیا جب اپنا حساب دینے کی باری آئی تو نیب کا پورا قانون ہی بدل دیا بھلے تم نیب کا قانون بدل دو اس کے چیئرمین کو توسیع دے دو تم اپنے آپ اور اپنے وزراء کو احتساب سے نہیں بچاسکتے۔ ن لیگ کے لوگوں نے تین تین نسلوں کا حساب دیا۔ ایل این جی میں 122 ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ ملک میں پہلے کورونا اور اب ڈینگی کا راج ہے۔ میں عوام سے پوچھتی ہوں کیا آپ نے یہ سنا ہے کہ چوروں کا جوسردار ہے وہ ایماندار ہے کہتا تھا نواز شریف اداروں سے لڑتا ہے۔ نواز شریف کے دور میں دوسرے ممالک کے سربراہان خود پاکستان آتے تھے مگر آج مودی عمران خان کا فون نہیں اٹھاتا اور بائیڈن فون نہیں کرتا۔