شاہد خاقان عباسی کو سہولیات فراہمی کیلئے درخواست پر سماعت
شیئر کریں
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر اڈیالہ جیل حکام سے جواب طلب کر لیا ۔ جمعرات کو احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت جج محمد بشیر نے کی ، سعدیہ عباسی اور بیرسٹر ظفراللہ خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ وکیل صفائی بیرسٹر ظفر اللہ خان نے عدالت سے گذارش کی کہ وکلا کو شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کا الگ وقت نہیں دیا جا رہا۔ اہل خانہ سے ملاقات کروائی جا رہی ہے ۔ عدالت فیملی سے الگ ملاقات کا حکم دے ۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کو دو سرجریز کا بتایا گیا ہے ۔ عدالتی حکم پر میڈیکل بورڈ بنایا گیا تھا لیکن ہمیں میڈیکل رپورٹ فراہم نہیں کی گئی۔بیرسٹر ظفر اللہ خان نے عدالت کو بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کو آرمڈ گاڑی پر لایا جاتا ہے ایسا لگتا ہے جیسے کسی دہشتگرد کو لایا جا رہا ہو جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سکیورٹی کے پیش نظر لایا جاتا ہو گا۔ وکیل صفائی نے جواب دیا کہ شریف آدمی ہے ان کو سکیورٹی کی کیا ضرورت۔ گذارش ہے شاہد خاقان عباسی کی طبیعت ٹھیک نہیں ان کو بہتر گاڑی میں لانے کا حکم دیا جائے ۔ عدالت نے جیل حکام سے دونوں درخواستوں پر (آج) جمعہ کو جواب طلب کر لیا۔