ملک بھرمیں ڈینگی کے وارجاری،کراچی میں وبائی صورت اختیارکرگیا
شیئر کریں
اسپتال میں حبس سے
مریض بے ہوش
شہرقائدمیں مریضوں کی بھرمارکی وجہ سے اسپتالوں میں بسترکم پڑگئے ،پرائیویٹ اسپتالوں پربھی دبائوبڑھنے لگا،لیبارٹریوں پرٹیسٹ کرانے والوں کارش
سندھ گورنمنٹ اسپتال نیوکراچی میں جنریٹرہونے کے باوجودچلائے نہیں جارہے ،ڈینگی کاشکارمریضوں اورتیمارداروں کااسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گزشتہ 2 ماہ کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں کے بعد کراچی میں نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال کے باعث شہر میں حالیہ ہفتوں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ملک میں بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 192 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ضلع کورنگی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وہاں 63 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ضلع شرقی 45 اور ضلع جنوبی 35 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلع وسطی 26، ضلع ملیر 14، کیماڑی 6 اور ضلع غربی سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ،ماہرین صحت کے مطابق شہر قائد میں ڈینگی وائرس نے وبائی صورت اختیار کر لی ہے، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں شدید گرمی اور حبس سے ڈینگی مریض بے ہوش ہو گئے۔ ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز سامنے آ رہے ہیں تاہم کراچی میں صورت حال تشویش ناک ہو گئی ہے، مریضوں کی بھرمار کی وجہ سے اسپتالوں میں بستر کم پڑ گئے ہیں۔سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریض رل گئے، شدید گرمی اور حبس میں ڈینگی کے مریض بے ہوش ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں جنریٹر ہونے کے باوجود انتظامیہ نہیں چلا رہی، جس پر ڈینگی کے شکار مریض اور تیمار داروں نے شدیدغم و غصے کا اظہار کیا۔مریضوں کے تیمار دار موبائل کی لائٹ جلا کر وارڈ میں روشنی کرنے کی کوشش کرتے رہے۔مریضوں نے اسپتال انتظامیہ پر جنریٹر نہ چلانے اور فیول فنڈز میں خود برد کا الزام لگایا، دوسری طرف اسپتال انتظامیہ نے موقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی نے معاملے کا علم ہونے پر اس کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایچ او سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں ڈینگی کے مزید 192 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع شرقی سے 45، وسطی سے 26، کورنگی سے 63 کیسز سامنے آئے۔رواں ماہ اب تک کراچی میں 1620 ڈینگی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ سندھ بھر میں رواں سال اب تک ڈینگی کیسز کی تعداد 4230 ہو گئی ہے۔