بنوریہ قبضہ گروپ کی وفاق المدارس کے خلاف سازشیں بے نقاب
شیئر کریں
وفاق المدارس نے جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کا الحا ق ختم کردیا،بنوریہ قبضہ گروپ مدارس کے اجتماعی دھارے سے باہرہو گیا
بنوریہ قبضہ گروپ کو مفتی نعیم مرحوم کی جو افسوس ناک میراث ملی ، اُس میں وفاق المدارس کو دباؤ میں لانے کی سازشیں بھی شامل تھیں
کراچی (نمائندہ جرأت) وفاق المدارس نے بنوریہ قبضہ گروپ کے گھناؤنے کردار کے باعث انہیں اپنے نظم سے خارج کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بنوریہ قبضہ گروپ کا وفاق المدارس سے الحاق ختم کیا جاچکا ہے۔ بنوریہ قبضہ گروپ نے مدارس اور مساجد پر قبضوں کی طرح وفاق المدارس ایسے اہم ترین ادارے پر بھی قبضے کی کوشش کی۔ دینی مدارس کے خلاف دین دشمن قوتوں کا ہدف ہمیشہ وفاق المدارس رہا ہے۔ ہر دور میں دینی مدارس کو سرکاری دباؤ میں لانے کی سازشیں رچائی جاتی رہی ہیں۔ جس کا مقابلہ وفاق المدارس کے قابل احترام علمائے کرام کرتے ہیں۔ مگر افسوس ناک طور پر بنوریہ قبضہ گروپ کو مفتی نعیم مرحوم کی جو افسوس ناک میراث ملی ، اُس میں وفاق المدارس کو دباؤ میں لانے کی سازشیں بھی شامل تھیں۔ بنوریہ قبضہ گروپ نے ایک دور میں وفاق کے جنرل سیکریٹری قاری حنیف جالندھری کے خلاف باقاعدہ مہم منظم کی ۔ اکابر علمائے کرام کی جانب سے بنوریہ قبضہ گروپ کے ساتھ ایک غیر اعلانیہ فاصلہ رکھا جاتا رہا ہے، جس کا سبب اس جتھے کی وفاق کے نظم سے بے اعتنائی اور دنیا داری کے علاوہ مافیائی انداز میں بلیک ملینگ سے لے کر دھونس اور قتل وغارت گری تک میں اپنے ہاتھ آلودہ کرنے کی گھناؤنی روش ہے۔ بنوریہ قبضہ گروپ کا قاری حنیف جالندھری کے خلاف ایک غلط مہم کا مقصد یہ تھا کہ وہ کسی بھی طرح وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کا حصہ بن سکیں۔ اس مکروہ مہم کے نتیجے میں ابتدا میں بنوریہ قبضہ گروپ کامیاب ہوگیا۔ اگلے مرحلے میں تب کے وفاق کے صدر ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر ایسے بے غرض اور مسیحانفس عالم دین کو ہدف بنایا گیا۔ بنوریہ قبضہ گروپ نے مولانا عادل خان کے دور میں باقاعدہ وفاق المدارس میں عہدہ پانے کے لیے مختلف طرح کے دباؤ کے ہتھکنڈے استعمال کیے اور سازشیں کیں ۔ مگر مولانا عادل کو دباؤ میں لانے میں مکمل ناکام رہے۔ بنوریہ قبضہ گروپ نے وفاق المدارس پر اپنا دباؤ بڑھاتے ہوئے آخری سازش ایک متبادل بورڈ قائم کرنے کی صورت میں رچائی۔ وفاق المدارس کے متفقہ بورڈ کے خلاف ایک نئے بورڈ کی تشکیل پر بنوریہ قبضہ گروپ کے خلاف پورے ملک کے علمائے کرام میں شدید تحفظات پیدا ہوگئے۔ بعد ازاں وفاق المدارس نے بآلاخر جامعہ بنوریہ العالمیہ (سائٹ) کا خود سے الحاق ہی ختم کردیا۔ اب بنوریہ قبضہ گروپ کا وفاق المدارس کے مرکزی اور اجتماعی دھارے سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ جس کے باعث بنوریہ کی سند بھی اپنا اعتبار کھوتی جارہی ہے۔ اس صورت حال نے خود بنوریہ کے اندر انتہائی تشویش ناک صور ت حال پیدا کردی ہے۔ جس کی تفصیلا ت ایک الگ موضوع ہے۔