کراچی میں فیلڈ آئسولیشن سینٹرز بند کرنے کی تیاریاں مکمل
شیئر کریں
محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا کے لئے قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹرز بند کرنے کی تیاری مکمل کرلی۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق 14 ستمبر 2020 کو چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت کورونا وائرس کے ایمرجنسی فنڈ سے متعلق ہونے والی حکومت سندھ کی کمیٹی میٹنگ میں کراچی ایکسپو سینٹر اور پی اے ایف فیصل بیس میں قائم فلیڈ آئیسولیشن سینٹر کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس کے لئے محکمہ صحت سندھ نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی میں کنوینئر محکمہ صحت کے چیف ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر سکندر علی میمن اور دیگر دو ممبران میں ضلع جنوب کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عاشق حسین شاہ اور محکمہ صحت کے ڈپٹی سیکرٹری ریاض احمد جھکرانی شامل ہیں۔3 رکنی کمیٹی آئسولیشن سینٹرز میں تمام چیزوں آلات، فرنیچر، ادویات سمیت دیگر اشیاء جو سندھ حکومت کے ایمرجنسی فنڈ سے خریدی اور فراہم کی گئی تھیں ان کی انوینٹری تیار کرے گی، حکومت سندھ کی دیگر صحت کی فراہمی کے لئے تمام اشیاء کا ڈسٹربیوشن پلان تیار کرے گی، اس حوالے سے کمیٹی اپنی کارکردگی کی رپورٹ سیکرٹری صحت کو جمع کرائے گی۔