دورہ پاکستان کی اجازت، سری لنکن حکومت نے چپ سادھ لی
شیئر کریں
دورئہ پاکستان کی اجازت کے حوالے سے سری لنکن حکومت نے چپ سادھ لی جب کہ ٹیم کو بدستورکلیئرنس کا انتظار ہے ۔سری لنکن ٹیم کو ون ڈے اور ٹوئنٹی 20سیریز کے لیے 24ستمبر کو پاکستان کیلیے اڑان بھرنی ہے ، مگر تاحال انھیں اپنی حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہیں مل سکی۔ گزشتہ ہفتے وزیراعظم ہائوس کی جانب سے اس وقت کرکٹ بورڈ کو پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کے دوبارہ جائزے کی ہدایت دی گئی جب اس نے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا،ایس ایل سی نے وزارت دفاع سے دہشتگرد حملے کے خطرے پرپاکستان میں دوبارہ سیکیورٹی جائزے کیلیے رہنمائی اور کلیئرنس کی درخواست کردی تھی، مگر ابھی تک حکومت سے کوئی بھی جواب موصول نہیں ہوا۔ایک سینئر آفیشل کا کہنا ہے کہ اس ٹور کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل ہم نے وزارت دفاع سے اس بارے میں رہنمائی مانگی، سیکریٹری دفاع کو باقاعدہ خط لکھا گیا جس کے جواب کا انتظار ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انھوں نے بھی ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، بورڈ صدر شمی سلوا کی بھی اگلے چند روز میں لاہور روانگی متوقع ہے جہاں وہ اس ٹور سے متعلق پی سی بی آفیشلز سے مزید گفت و شنید کرینگے ، البتہ ان سب چیزوں کا دارومدار وزارت دفاع کے جواب پر ہے ۔