میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان  کی صحت کا مسئلہ سنجیدہ، ملاقاتیں بحال کی جائیں،سہیل آفریدی

عمران خان  کی صحت کا مسئلہ سنجیدہ، ملاقاتیں بحال کی جائیں،سہیل آفریدی

جرات ڈیسک
پیر, ۱۷ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی سرکاری رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے اور اس نے پوری قوم کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے ذاتی ڈاکٹرز نے جب بھی ان کا بلڈ پریشر چیک کیا، وہ نارمل رہا، تاہم آج کی سرکاری رپورٹ میں بلڈ پریشر زیادہ بتایا گیا ہے۔

محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کا مسئلہ حقیقی اور سنجیدہ ہے، وہ مصنوعی طور پر اپنے پلیٹ لیٹس کم نہیں کروا رہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2دسمبر سے اب تک عمران خان سے ان کے اہلخانہ، وکلا اور ذاتی ڈاکٹرز کی ملاقات نہیں ہوئی، اس لیے سرکاری رپورٹ سامنے آنے کے باوجود انہیں معلوم نہیں کہ جیل کے اندر عمران خان کے ساتھ کیا صورتحال پیش آئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا علاج ذاتی ڈاکٹرز کی نگرانی اور اہلخانہ کی موجودگی میں کسی بہترین ہسپتال میں کرایا جائے، جبکہ ان سے وکلا اور اہلخانہ کی ملاقاتیں بھی فوری بحال کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آنکھ کے مسئلے کے سامنے آنے کے بعد سے ہی ان کے علاج کے حوالے سے مطالبہ کیا جارہا ہے،یہ مطالبات نہ غیر آئینی ہیں اور نہ غیر قانونی۔

محمد سہیل آفریدی نے عدلیہ سے بھی عمران خان کی صحت کے معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 25کروڑ عوام کی آخری امید عدلیہ ہے اور وہ کسی غیر معمولی ریلیف کا نہیں بلکہ انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل عمران خان کے کیس کی سماعت تین رکنی بینچ کرے گا اور کل ہی وکلا و اہلخانہ سے ملاقات کا دن بھی ہے، لہذا یہ ملاقاتیں لازمی ہونی چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ عمران خان کے ذاتی ڈاکٹرز، اہلخانہ، وکلا اور پارٹی قیادت باہمی مشاورت کے بعد آئندہ کا واضح لائحہ عمل طے کریں گے۔محمد سہیل آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر عدلیہ انصاف نہیں کرے گی تو عوام انصاف اپنے ہاتھ میں لے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں