ارشد ندیم کی کامیابی قوم کیلئے فخر، آرمی چیف
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے قومی ہیرو ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق اولمپیئن ارشد ندیم کے تاریخی کارنامے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرنے آرمی آڈیٹوریم جی ایچ کیو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا۔آرمی چیف نے ارشد ندیم کے سنگلز مقابلوں میں پاکستان کا پہلا طلائی تمغہ جیتنے اور ایک نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کے شاندار کارنامے کو سراہتے ہوئے اسے ان کے عزم، استقامت اور بہترین کارکردگی کے جذبے سے منسوب کیا۔ انہوں نے محنت اور عزم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ارشد کے آغاز سے عظمت کے حصول تک کے متاثر کن سفر پر روشنی ڈالی۔آرمی چیف نے ارشد ندیم کے کارنامے کو قومی فخر کے طور پر تسلیم کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ پوری قوم نے انہیں ان کے کارنامے کے مطابق نوازا ہے۔آرمی چیف نے خوشحال پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ پاکستانی نوجوانوں کی پوری حمایت اور بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔