میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جماعت اسلامی کا لوڈشیڈنگ ،بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے تحریک کا اعلان

جماعت اسلامی کا لوڈشیڈنگ ،بلدیاتی مسائل کے حل کیلئے تحریک کا اعلان

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۷ اگست ۲۰۲۲

شیئر کریں

پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں کراچی کا کوئی مسئلہ شامل نہیں، انتخابات قریب آنے پران کا کراچی آنا جانا لگ جاتا ہے،حافظ نعیم
سندھ حکومت نے کراچی والوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، سیاسی بنیادوں پر بھرتی ایڈمنسٹریٹر سوشل میڈیا سیشن کروانے آجاتے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر قائد میں بلدیاتی مسائل کے حل اور بڑھتی لوڈ شیڈنگ پر تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کیلئے بلدیاتی انتخابات بہت اہم ہیں،پی ٹی آئی کے ایجنڈے میں بھی کراچی کا کوئی مسئلہ شامل نہیں، بس انتخابات قریب آنے پران کا کراچی آنا جانا لگ جاتا ہے،عوام بلدیاتی امیدواروں سے اپنے مسائل پرسوال جواب کرسکیں گے۔ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس وقت شہر کی بدترین صورتحال ہے، شاہراہوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں، لوگوں میں کمر درد اور ریڑھ کی ہڈی کے مسائل پیدا ہوچکے ہیں، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہیں ہے، سیاسی بنیادوں پر بھرتی ایڈمنسٹریٹر روزانہ سوشل میڈیا سیشن کروانے آجاتے ہیں، سندھ حکومت نے کراچی والوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، ڈیم بھر ہونے کے باوجود شہر میں پانی کی قلت ہے۔انہوں نے کے الیکٹرک کو لگام دو تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف اب اہل کراچی کو نکلنا پڑے گا، 21 اگست کو یونیورسٹی روڈ پر عظیم الشان حق دو کراچی مارچ کیا جائے گا اور اہل کراچی اپنے مستقبل کا فیصلہ سنا دیں گے، شدید لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ضمنی انتخاب کی وجہ سے سب کے کراچی کے دورے شروع ہوجاتے ہیں، کراچی کے لوگوں کو ضمنی انتخاب سے کیا ملے گا؟، سب سے زیادہ ضروری اس وقت بلدیاتی انتخابات ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن نے خط کے ذریعے جماعت اسلامی پر الزام پر معذرت کی، ہم ان کی معذرت کا خیر مقدم کرتے ہیں، مگر اس سوال کا جواب دیں کہ بلدیاتی انتخابات ایک ماہ سے زائد کے لیے کیوں ملتوی کیے، جو بیلٹ پیپرز چھاپے گئے اور آر اوز تک پہنچا دئیے گئے وہ محفوظ نہیں ہیں، الیکشن کمیشن دوبارہ سے بیلٹ پیپرز چھاپے، نئے رنگوں میں بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے فوج اور رینجرز کو تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ امید ہے سپریم کورٹ بلدیاتی انتخاب کے التواکی درخواست مستردکردے گی جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات وقت پرہونے چاہئیں، بلدیاتی امیدوار ایم این اے کی طرح بھاگ نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اقتدارمیں رہنے والی جماعتیں حکومت سے شکایتیں کررہی ہیں، جعلی لسٹیں بنیں، آراوز کے تبادلے ہوئے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ایم کیوایم کا مسئلہ کراچی نہیں بلکہ وزارتیں ہیں، حکومت کو اس شہر میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو تین تین مہینے پانی نہیں ملتا اور پانی اگر آتا بھی ہے تو لوڈشیڈنگ کی وجہ سے نہیں مل پاتا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں