میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی سے کوئٹہ جانیوالی مسافر کوچ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ 4افراد جاں بحق ،14 زخمی

کراچی سے کوئٹہ جانیوالی مسافر کوچ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ 4افراد جاں بحق ،14 زخمی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۷ جولائی ۲۰۲۵

شیئر کریں

قلات کے علاقے نمرغ میںمسافر کوچ پر فائرنگ کا واقعہ،زخمی ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات منتقل ، ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،ترجمان شاہد رند
بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ( محسن نقوی) ، دہشتگرد پاک سرزمین کیلئے ناسورہیں،مراد علی شاہ کی مذمت

قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانیوالی مسافر کوچ پر دستی بم حملہ اور فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں14 مسافر زخمی ہوگئے جبکہ پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی۔ دریں اثنا، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوس ناک واقعے میں 4مسافر شہید جبکہ 14زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، سیکیورٹی ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔ ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات منتقل کیا جا رہا ہے، ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز حملہ آوروں کا تعاقب کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات کے قریب مسافر بس پردہشت گردوں کی فائرنگ و حملے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا بے گناہ اور معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے،دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر امن کو سبوتاژ کرنے کی گھنائونی سازش کر رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کی حمایت سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ادھر، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے قلات میں مسافر کوچ پر فائرنگ کی مذمت کردی، ان کا کہنا تھا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے، دہشتگرد پاک سرزمین کے لیے ناسورہیں۔ واضح رہے کہ 10جولائی کو دہشتگردوں نے کوئٹہ سے پنجاب جانے والی 2مسافر بسوں سے 9مسافروں کو شناخت کے بعد اغوا کرکے شہید کردیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں