میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مسقط میں مجلس پر حملہ، فائرنگ سے 4 پاکستانیوں سمیت 9 افراد جاں بحق

مسقط میں مجلس پر حملہ، فائرنگ سے 4 پاکستانیوں سمیت 9 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۷ جولائی ۲۰۲۴

شیئر کریں

عمان کے دارالحکومت میں مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں 4پاکستانیوں سمیت 9افراد جاں بحق اور 30سے زائد زخمی ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عمان کی الوادی الکبیر کے علاقے میں واقع امام علی مسجد میں پیش آیا۔ فائرنگ کے وقت مسجد میں 700سے زائد افراد موجود تھے ۔مقامی میڈیا کا کہنا کہ فائرنگ کے وقت مجلس عزا جاری تھی۔عمان سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ مسجد پرحملہ کرنے والے 3دہشت گردوں کو جوابی کارروائی میں مار دیا گیا جب کی ایک پولیس اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کی۔عمان پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ حملے کے پیچھے کون لوگ یا کس تنظیم کا ہاتھ ہے ۔ادھر عمان میں پاکستانی سفیر علی عمران چوہدری نے نجی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے مسجد کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ تاحال واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔خیال رہے کہ عمان کا تشخص ایک معتدل ملک کا ہے جہاں ایسے واقعات شاز و نادر ہوتے ہیں۔ جو علاقائی تناظر میں ثالث کا کردار ادا کرتا ہے ۔فائرنگ سے مسجد میں بھگدڑ مچ گئی۔ متعدد افراد قدموں تلے کچل کر زخمی ہوگئے ۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے ۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد میں فائرنگ کے وقت بڑی تعداد میں پاکستانی بھی موجود تھے ۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ عمان کے شہر مسقط کی مسجد میں فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 4 ہے جب کہ مزید 30 پاکستانی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں