اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے تعلقات میں بہت بہتری آگئی ہے'زرداری
شیئر کریں
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں کے تعلقات میں بہت بہتری آگئی ہے، وقت کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، اتحادی حکومت، اسٹبلیشمنٹ اور عدلیہ سب کو ملکر ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔ اعلامیہ پیپلزپارٹی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے کراچی میں صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی معاشی، عوامی مسائل کے حل اور مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کاش عمران خان کو صحافیوں کے حقوق کا خیال اپنے دور حکومت میں بھی آجاتا، پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ہمیشہ صحافیوں کو آزادی ملی ہے اور ملتی رہے گی، عمران خان کا دور آزادی صحافت کے لحاظ سے سیاہ دور رہا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور اسٹبلیشمنٹ کے تعلقات میں وقت کے ساتھ بہت بہتری آئی ہے، اور وقت کے ساتھ تعلقات میں اور بہتری آئے گی ، کیونکہ سب کا مقصد ملک کی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی ہے، ہم سب نے وقت سے بہت کچھ سیکھا ہے ،اس ملک کو اتحادی حکومت، اسٹبلیشمنٹ اور عدلیہ ، سب نے ملکر اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے اس بحران سے نکالنا ہے جس میں عمران خان ہمیں چھوڑ کر گیا ہے۔