مہنگائی کیخلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے، شہباز شریف
شیئر کریں
اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کردیا ہے۔ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے 85 روپے کلو چینی کرکے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کردیا۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا بم گرایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر قیمتوں میں اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت کو غریب نظر آرہے ہیں نہ ہی غربت نظر آرہی ہے۔شہباز شریف نے یہ بھی کہاکہ 170روپے سے گھی 260 روپے، 20 کلو آٹا 820 سے 950 روپے ہوگیا، قیمتوں میں اضافہ موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی تفصیل ہے۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹور پر چینی کی قیمت 68 سے 85 روپے ہونا ثبوت ہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بجٹ تقریر میں کہا تھا ناں بجٹ 2021 عوام کے ساتھ ایک دھوکا اور فریب ہے، بجٹ پیش کرنے کے بعد سے ہر روز ہر ہفتے مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے، مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔