گڈاپ ٹو اور گلشن ٹو کے رجسٹریشن ونگ کے خلاف تحقیقاتی ادارے سرگرم
شیئر کریں
گڈاپ ٹو اور گلشن ٹو کے رجسٹریشن ونگ میں ٹھیکیدار مافیا کی چیرہ دستیوں کے حوالے سے جرأت میں خبریں چھپنے کے بعد تحقیقاتی ایجنسیاں متحرک ہوگئیں۔ انتہا ئی باخبر ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ایجنسیاں ان دونوں ٹائونز کے گرد گھیرا تنگ کررہی ہیں۔ خیال کیا جارہا ہے کہ قیمتی زمینوں کو ہڑپنے کے ایک منظم نیٹ ورک کا پتہ چلنے کے بعد اس نیٹ ورک کے سرپرستوں سے لے کر نچلے کارندوں تک کرپشن کے اس گھناؤ نے سلسلے کے خلاف مطلوبہ شواہد حاصل کیے جاچکے ہیں، جس کے بعد کسی بھی وقت ایک بڑی کارروائی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق روزنامہ جرأت میں خبروں کی اشاعت کے بعد مذکورہ بالا دونوں ٹائونز پر نگاہیں اور کان لگادیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں اعلیٰ پیمانے پر مشاورت کی جاری ہے اور افسران بالا کی منظوری کے بعد اس حوالے سے حتمی کارروائی کی جا ئے گی۔دریں اثنا رجسٹریشن ونگ کے بعض ذرائع کا اصرار ہے کہ مذکورہ بالا دونوں ٹائونز کے ٹھیکے دار صوبائی وزیر ریونیوکے انتہائی قریبی عزیز علی حسن ہنگورجو کے پینل پر ہے۔ اس لیے اینٹی کرپشن کے اہلکار ان دفاتر پر کسی قسم کی کارروائی کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔موثق ذرائع کے مطابق مذکو رہ بالا ٹائونز کے ٹھیکیدار صوبائی وزیر ریوینیو کے قریبی عزیز علی حسن ہنگورجو کو ٹھیکے کے عوض ماہانہ خطیر رقم پہنچانے کے حوالے سے کھلے بندوں اظہار کرتے رہتے ہیں جس سے وزیر موصوف اور ان کے کرپشن سے پاک سیاسی خاندان پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے ۔دریں اثنا سندھ کی موجودہ صوبائی کابینہ کے حوالے سے ایک اہم ذریعے نے جرأت کو بتا یا کہ ریونیو کے معاملات خصوصاًسب رجسٹرارز اور مختیار کاروں کی تقرری اور تبادلوں کے حوالے سے صوبائی وزیر کو مکمل اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں۔ اسی لیے صوبہ بھر میں ٹھیکیدار مافیا علی حسن ہنگورجو جیسی شخصیات کا سہارا لے کر پر کشش اور زر خیز ٹائونز پر قبضہ کر کے ما ہانہ کروڑوں روہے اینٹھ لیتے ہیں۔