ڈیفنس ریجنسی اپارٹمنٹ میں منشیات فروشوں کا راج
شیئر کریں
(رپورٹ: ہارون صدیقی) ڈیفنس ریجنسی اپارٹمنٹ میں منشیات فروخت کرنے اور منشیات پینے والوں نے فلیٹ کے رہائشیوں کے بچوں کا مستقبل دائو پر لگادیا فلیٹ مکینوں کی جانب سے بلڈر اور بلڈر کی مینجمنٹ کے عملے کو متعدد تحریری شکایات کے باوجود کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی، منشیات پینے والوں نے پروجیکٹ کی پارکنگ ایریا کو اپنا ٹھکانہ بنایا ہوا ہے، بلوچ کالونی تھانہ بھی منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس ویو فیز I سے متصل رہائشی پروجیکٹ ڈیفنس ریجنسی کو منشیات فروخت اور منشیات کے عادی افراد نے اپنا اڈہ بنالیا ہے ڈیفنس ریجنسی فلیٹ کی 5 منزلہ کار پارکنگ میں کھلے عام نشے کے عادی افراد نشہ کرتے ہیں بلڈر کی جانب سے فلیٹوں کی سیکورٹی کیلئے رکھے گئے ایک درجن سے زائد پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ بھی نشے کے عادی افراد کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ڈیفنس ریجنسی پروجیکٹ میں رہنے والے فلیٹ مکینوں نے بلڈر کو دو سے زائد مرتبہ تحریری درخواستیں دی ہیں جس میں واضح کیا گیا ہے کہ پارکنگ ایریا P4, P3, P2, P1 اور P5 پر بعض افراد نشہ کرتے ہیں درخواست میں لکھا گیا ہے کہ P5 پر فلیٹ مکینوں کیلئے واکنگ ٹریک اور بچوں کا پلے ایریا ہے جہاں کھلے عام نشے کے عادی افراد کی جانب سے نشہ کرنے سے بچوں اور خواتین میں سخت خوف پایا جاتا ہے ڈیفنس ریجنسی پروجیکٹ کے مکینوں کی جانب سے دی جانے والی درخواست میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو منشیات پروجیکٹ کی پارکنگ ایریا میں ہی فروخت کی جاتی ہے اس حوالے سے بلڈر شاہد نبی ملک اور بلڈنگ مینٹیننس انچارج ارشد چیمہ کو متعدد بار شکایت کی جاچکی ہے لیکن ان کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے اس حوالے سے ایک فلیٹ مکین کا کہنا ہے کہ ڈیفنس ریجنسی میں کھلے عام منشیات کی فروخت اور نشئی افراد کے نشہ کرنے سے پروجیکٹ میں رہنے والے بچوں کے مستقبل کو شدید خطرات لاحق ہوگئے۔ فلیٹ مکین کا کہنا ہے کہ بلڈر نے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈوں کی ایک فوج رکھی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود پروجیکٹ کی پارکنگ ایریا سے موٹر سائیکلوں سے پیٹرول چوری ہونا گاڑیوں کی بیٹری چوری ہونے کی شکایات ہیں فلیٹ مکینوں کے مطابق بلڈر کی جانب سے من مانی مینٹننس وصول کی جارہی ہیں لیکن ڈیفنس ریجنسی پروجیکٹ میں صفائی کا فقدان ہے جبکہ مختلف بلاکوں کی کوریڈور کی لائٹیں عرصہ دراز سے خراب ہیں اس حوالے سے مینٹننس انچارج ارشد چیمہ کو متعدد شکایات کی جاچکی ہیں لیکن ان کی جانب سے کوئی عملی کام نہیں کیا گیا ہے فلیٹ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ڈیفنس ریجنسی پروجکیٹ میں منشیات کی فروخت اور نشئی افراد کے حوالے سے بلوچ کالونی پولیس کو بھی تحریری درخواست دی ہے لیکن پولیس بھی منشیات فروشوں اور نشئی افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔