عمران خان پر 9مئی سے درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی ،فیصلہ محفوظ
شیئر کریں
لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان کی 9مئی یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ہائی کورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 9مئی یا اس کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور اس سلسلے میں پولیس کو گرفتاری سے روکنے کی استدعا پر مبنی دائر درخواست پر سماعت کی۔عمران خان کی جانب سے مذکورہ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور انتظار پنجوتہ ایڈوکیٹ نے دائر کی جس میں آئی جی پنجاب اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ عمران خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری غیر قانونی قرار دی، عمران خان کے خلاف کئی نئے مقدمے درج کر دیے گیے ہیں خفیہ مقدمات میں بھی گرفتاری کا خدشہ ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان کے خلاف پنجاب میں درج نئے مقدمے کی تفصیلات طلب کرے، لاہور ہائی کورٹ 9 مئی کے بعد درج کسی بھی مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری روکنے کا حکم دے۔سماعت کا آغاز کرتے ہوئے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے استفسار کیا کہ درخواست گزار عمران خان کدھر ہیں؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت نہیں ہے، اگر عدالت حکم کرے تو وہ 11بجے کے بعد پیش ہوجائیں گے۔