کراچی ،ہیٹ ویوسے 3افرادجاں بحق،درجنوں متاثر
شیئر کریں
کراچی میں ہیٹ ویوو نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا اور شہر کے مختلف اسپتالوں میں متعدد افراد کو داخل کرایا گیاہے۔اس ضمن میں انچارج عباسی شہید ڈاکٹر نادر علی سید نے بتایاکہ ہفتہ کے روز ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ 11 مریض لائے گئے جن میں سے 7 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا جبکہ 4 مریض داخل کیے گئے۔ڈاکٹر نادر علی سید نے کہاکہ اتوار کے روز گرمی سے متاثر ہونے والے 15 افراد اسپتال لائے گئے جنہیں ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ شہر میں اتوار سے اب تک ہیٹ ویو کے باعث 3 افراد کی جان چلی گئی ہے جن میں سے دو اموات نجی اسپتال میں جبکہ ایک سول اسپتال میں ہوئی ہے تاہم سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ذرائع کے مطابق اتوار کے روز شہر میں گرمی کے باعث ملیر کے رہائشی عمر خان میچ کے دوران طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے۔ادھر شہرِ قائد کراچی میں رواں ہفتے، 18 مئی سے ہیٹ ویو دوبارہ شدید ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج (منگل)موسم گرم رہنے کا امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے دیگر شہروں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ حیدرآباد، میرپور خاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، تھرپارکر میں پارہ 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھٹھہ اور بدین میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔دوسری جانب عالمی ماہر موسمیات جیسن نکولس کاکہنا ہے کہ پاکستان اور شمال مغربی بھارت میں گرمی کی لہر میں آج (منگل)سے کمی کا امکان ہے، افغانستان پر موجود مغربی ڈسٹر بنس سے بدھ تک گرمی کی شدت کم ہوگی۔