ایچ ڈی اے نے 7 رہائشی اسکیموں کی این او سی منسوخ کر دی
شیئر کریں
حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فیلڈ زون میں واقع 7 رہائشی اسکیموں کی این او سی رد کردی، لوگوں کے اربوں روپے ڈوب گئے، المدینہ سٹی، الرحیم سٹی، کوہسار گرین سٹی، غوثیہ ٹاؤن، کوہسار ہیون اور صاحبہ اسکیم کی این او سی کینسل، دریائے سندھ کے مین بند کے ساتھ واقع صائمہ ریورا کے خلاف کارروائی نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے فلڈ زون میں واقع 7 رہائشی اسکیموں کی این او سیز رد کردی ہیں، کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن اور ایم ڈی سیڈا کی جانب فلڈ زون میں واقع رہائشی اسکیموں اور کارروائی کے احکامات کے بعد حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے 7 رہائشی اسکیموں المدینہ سٹی، الرحیم سٹی، کوہسار گرین سٹی، غوثیہ ٹاؤن، کوہسار ہیون اور صاحبہ اسکیم کی این او سی کینسل کردی ہیں۔ این او سیز کینسل ہونے کے بعد ہزاروں الاٹیز کے اربوں روپے ڈوبنے کے امکانات ہیں، مذکورہ اسکیموں میں سینکڑوں فلیٹس و دکان بھی موجود ہیں جن میں لوگ رہائش پذیر ہیں، بلڈر نے غیرقانونی طور پر فیلڈ زون میں اسکیموں کا آغاز کرکے شہریوں سے اربوں روپے وصول کئے۔ دوسری جانب سپر ہائے وی پر دریائے سندھ کے مرکزی بند کے ساتھ 250 فٹ کی فاصلے پر صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جانب سے 18 ایکڑ پر صائمہ ریورا اسکیم پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اسکیم بھی فیلڈ زون میں واقع ہے لیکن متعلقہ ادارے ابھی تک اس کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ واضع رہے کہ مذکورہ اسکیم کے خلاف اینٹی کرپشن میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔