ایم کیوایم وفاقی کابینہ میں شمولیت پرتذبذب کاشکار
شیئر کریں
متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے یا نہ بننے کا فیصلہ تاحال نہ کر سکی۔نجی چینل کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کی مختلف رائے سامنے آئی۔ رابطہ کمیٹی کے چند اراکین نے وفاقی کابینہ میں نمائندگی ہونے پر اصرار کیا۔ذرائع کے مطابق کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت چند اراکین نے معاہدے تک محدود رہنے پر اصرار کیا اور کہا کہ معاہدے پر عمل درآمد ہی مسائل کا حل اور ترجیح ہونا چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی نے تمام تر فیصلے کا اختیار خالد مقبول صدیقی کو دے دیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی وفاقی کابینہ کا حصہ بننے یا نہ بننے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خالد مقبول صدیقی آج اسلام آباد سے کراچی پہنچیں گے۔اس سے قبل ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس ختم ہوا۔ اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک اسلام آباد اور کراچی میں بیک وقت منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایم کیو ایم کے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے مطابق سندھ میں بااختیار بلدیاتی نظام پر ہونے والے مذاکرات سے رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمارے معاہدے بھی مفادِ عامہ کے لیے ہیں اور ان پر عملدرآمد سے شہری سندھ کے عوام کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔