گڈز ٹرانسپورٹ کاکرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان
شیئر کریں
وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں،شہزاد اعوان
ایندھن مہنگا ہونے کی وجہ سے اخراجات میں براہِ راست اضافہ ہوتا ہے، میڈیا سے گفتگو
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں مال برداری کے کرایوں میں 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے اخراجات میں براہِ راست اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو جاتا ہے، وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز شدید دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتی ہیں جبکہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جا رہے۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اس سے قبل کی گئی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات نے جو معاہدے کیے تھے، ان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوا،اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے کئے گئے وعدے بھی پورے نہیں کئے گئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کئے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو ایک بار پھر ملک گیر پرامن ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔ صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہڑتال کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


