پی ٹی آئی کا دھاندلی کے خلاف احتجاج،سلمان راجہ سمیت متعدد کارکن گرفتاری کے بعد رہا
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، پولیس نے سلمان اکرم راجہ سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے مبینہ دھاندلی کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کی کال دی تھی تاہم احتجاج سے قبل ہی وہاں پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہنچ گئی ۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کی جانب سے جیل روڈ پر احتجاج کی کال دے دی گئی تو پولیس کی نفری وہاں پہنچ گئی ۔ احتجاج کرنے والوں میں مرد و خواتین اور بڑی تعداد میں نوجوان شامل تھے ۔ ریلیوں میں نوجوانوں نے پارٹی پرچم لہرائے اور دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کی۔پولیس نے کریک ڈائون کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ اور خواتین سمیت درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔گرفتاری سے قبل سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے ساتھ ہوں اور ہم حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے ، یہ مجھے غیرقانونی طور پر گرفتار کر رہے ہیں۔احتجاج کرنا اور بات کرنا ہمارا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے مطابق نکلے ہیں، ہم پر تشدد ہوا تو ہم مزاحمت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں یہاں موجود ہوں، میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوں، احتجاج کرنا اور بات کرنا ہمارا حق ہے ۔بعد ازاں نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ سمیت چند شرپسند عناصر کو حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا گیا ہے ۔ایکس پر اپنی پوسٹ میں عامر میر نے کہا کہ سلمان اکرم راجا اور چند شرپسند عناصر نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجا سمیت چند شرپسند عناصر کو حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا گیا ہے ۔