ریلوے سامان چرانے والا سیاسی شخصیت کا پولیس گارڈ نکلا
شیئر کریں
(رپورٹ افتخار چودھری )ریلوے پولیس کراچی ڈویڑن کی اسپیشل پولیس نے سلطان آباد کے قریب گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں کروڑوں روپے مالیت کا چوری شدہ ریلوے میٹریل برآمد کر لیا جبکہ گودام میں موجود 3 ملزمان پولیس کی مبینہ موجودگی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس کراچی ڈویڑن کی اسپیشل پولیس کے انچارج سب انسپکٹر محمد وقاص نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر پرانا حاجی کیمپ سلطان آباد کے قریب ایک کباڑ کے گودام پر کارروائی عمل میں لائی۔ملزمان ریلوے میٹریل ایک گاڑی میں لوڈ کر رہے تھے۔ملزمان پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہو گئے،ریلوے پولیس نے ریلوے میٹریل جس میں کمپلین کے سیٹ، بریک سلنڈر، بریک سلنڈر کے پسٹن ، بریک سلنڈر کے کور، فش پلیٹیںاور بڑی تعداد میں ریلوے لائن کے ٹکڑے شامل تھے برآمد کر لیے، برآمد ہونے والے میٹریل کی قیمت کروڑوں روپے میں بتائی جا رہی ہے،ریلوے پولیس کے مطابق فرار ملزمان کی شناخت امجد ولد ولی داد ، ساجد ولد ولی داد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس کراچی سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ، ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس کے مطابق امجد نامی ملزم مبینہ طور پر ضلع پولیس کا اہلکار اور مشہور سیاسی جماعت کی بڑی شخصیت کا گن مین بتایاجاتا ہے۔ملزم کے خلاف اس سے پہلے بھی چوری کے مقدمات درج ہو چکے ہیں ۔