میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وزیر اعظم کا دورہ ترکیہ مکمل، عالمی برادری سے مدد کی اپیل

وزیر اعظم کا دورہ ترکیہ مکمل، عالمی برادری سے مدد کی اپیل

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۷ فروری ۲۰۲۳

شیئر کریں

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد ہمارا فرض ہے ، ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے ، پاکستان بھی اس مشکل وقت میں اپنے ترک بہنوں اور بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا، ترکیہ پاکستان کا دیرینہ دوست اور برادر اسلامی ملک ہے ، موسم سرما کے لئے پاکستان سے اعلیٰ معیار کے خیمے تیار کرکے فوری ترکیہ بھجوائے جائیں گے ، ترک عوام صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں اللہ کی مدد سے اس بحرانی صورتحال سے جلد نکل آئین گے ، ترکیہ کے ساتھ مل کر اس مشکل کا مقابلہ کریں گے ۔ جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف انقرہ سے آدیامان پہنچے ۔وزیرِاعظم نے زلزلہ زدگان کیلئے پاکستان کی جانب سے بھیجا جانے والا امدادی سامان ترک حکام کے حوالے کیا۔ پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے آدیامان پہنچا تھا۔ آدیامان ترکیہ میں حالیہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے ۔ وزیرِ اعظم نے آدیامان میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے ملاقات بھی کی اور زلزلہ متاثرین کے ریسکیو کیلئے ان کی کاوشوں اور جانفشانی کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے پاک فوج اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی امدادی کارروائیوں کو سراہا۔ترکیہ کے صدر سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان سے اب سردیوں کے خیمے بھجوائے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے دیگر عالمی فورمز سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے آگے آئے ۔بعدازاں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دورہ ترکیہ مکمل کرکے پاکستان واپس پہنچ گئے ۔ آدیامان ہوائی اڈے پر روانگی کے وقت ترکیہ کے وزیرِ تجارت مہمت موش، وزیرِ مواصلات عادل اسماعیلاولو، آدیامان کے گورنر مہمت چوہادار، علی شاہین ترک پارلیمنٹ میں ترکیہ پاکستان فرینڈشپ گروپ کے صدر اور ترک سفارتی حکام بھی موجود تھے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں