ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات افسر کی بچکانہ انگریزی
شیئر کریں
دفتری دستاویز میں
غلطیوں کی بھر مار
ڈی جی گریڈ 20 کا افسر نعیم احمد مغل درست بنیادی انگریزی لکھنے کا بھی اہل نہیں، لکھی ہوئی زیادہ تر خط و کتابت اور دفتری دستاویز میں غلطیوں کی بھر مار ہے
شاذ ریذیڈنسی نامی رہائشی ترقیاتی منصوبے کو اس کی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دینے کے لیے بھیجے گئے خط میں8 سے زائد گرامر کی غلطیاں،غیر موزوں الفاظ لکھے،رپورٹ
کراچی(رپورٹ:علی کیریو)محکمہ ماحولیات کے ماتحت سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی (سیپا) کا ڈی جی گریڈ 20 کا افسر نعیم احمد مغل درست بنیادی انگریزی لکھنے کا بھی اہل نہیں اور اس کی لکھی ہوئی زیادہ تر خط و کتابت اور دفتری دستاویز میں غلطیوں کی بھر مار دیکھی گئی ہے، ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات افسر کی بچکانہ انگریزی پر افسران ہنسی اڑانے لگے ہیں، ڈائریکٹر جنرل کو کئی بار ہزیمت اٹھانی پڑ گئی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق سیپا کے ڈائریکٹر جنرل نعیم احمد مغل کی جانب سے شاذ ریذیڈنسی نامی رہائشی ترقیاتی منصوبے کو اس کی سرگرمیاں بند کرنے کا حکم دینے کے لیے بھیجے گئے خط میں8 سے زائد گرامر کی غلطیاں اور چار سے زائد غیر موزوں الفاظ لکھے ہوئے ہیں،ڈی جی کے دستخط سے جاری کیا گیا مذکورہ خط اس بات کا ثبوت ہے کہ سیپا کا سربراہ نعیم مغل انگریزی پڑھنے لکھنے سے بھی گیا گزرا ہے۔ ادارے کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ گریڈ 20 کے افسر ڈی جی سیپا کو ادارے کے قابل ترین افسران سے شدید نفرت ہے کیونکہ وہ اس کی غلطیوں کی نشاندہی کردیتے ہیں جس پر وہ بھری محفل میں زچ ہوجاتا ہے۔سیپا کے ایک اور قابل افسر کے مطابق ڈی جی سیپا نعیم مغل اپنی انگریزی سے ناواقفیت کے احساس محرومی کو قابل افسران کی بے عزتی کرکے نکالنے کی کوشش کرتا ہے۔ڈی جی سیپا کی انگریزی زبان سے ناواقفیت کی بنا پر ادارے کی جیسے تیسے بنائی گئی بیشتر قانونی و تیکنیکی دستاویز میں زبان و بیان کی غلطیوں کی بھرمار ہے حتیٰ کے سندھ کے قانون برائے تحفظ ماحول سندھ کے انگریزی کے مسودے کے ہر صفحے پر کم از کم ایک غلطی لازمی ملے گی، جبکہ قواعد و ضوابط میں بھی جابجا غلطیاں ملیں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جس ادارے کا سربراہ سرکاری زبان سے ہی ناواقف ہو تو اس کی دیگر نااہلیوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے اور اسی وجہ سے عدالت عظمیٰ میں ایک ماحولیاتی مقدمے کے دوران مذکورہ ڈی جی کو نااہل ترین سرکاری افسر قرار دیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک آئینی پٹیشن کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ انوائرمٹنل پروٹیکشن اتھارٹی (سیپا) کے ڈی جی نعیم مغل نااہل ترین شخص ہیں۔