حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پرچل رہی ہے، مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت انٹرنیشنل مونیٹری فنڈ (آئی ایم ایف )کی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے۔اسلام کوٹ ایئرپورٹ پر مٹھی کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب آصف علی زرداری صدر تھے تو آئی ایم ایف کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے تھے۔انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ کا قلعہ محفوظ نہیں ہے، حکومت نے درست وقت پر ایل این جی امپورٹ نہیں کی۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھر ڈیزرٹ ا?ف روڈ چیلنج کے آخری روز کے مہمان خصوصی ہیں۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سماجی، سیاسی اور معاشی استحکام کے حوالے سے وفاقی حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، جس نے اپنے تین سال سے زائد کا عرصہ مخالفین پر گالی گلوچ اور الزام تراشی میں صرف کیا ہے کیونکہ وہ پہلے دن سے ہی نااہل اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو مٹھی کے قریب صحرا میں سندھ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام تھر جیپ ریلی کے لیے فلیگ آف کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیر بلدیات ناصر شاہ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی نے وفاقی حکومت سنبھالی ہے ملک گندم، چینی، پی او ایل، گورننس اور اب یوریا جیسے مختلف بحرانوں کا شکار رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحران وفاقی حکومت کی نااہلی کے منہ بولتا ثبوت ہیں۔