سندھ ہاؤس کے فنڈز میں بے ضابطگیوں کا انکشاف
شیئر کریں
سندھ ہائوس اسلام آباد میں سرکاری فنڈز کے استعمال میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق سندھ ہائوس اسلام آباد میں ایئر فریشنر اور فیومیگیشن پر لاکھوں روپے کے اخراجات کیے گئے، وال فریم 9 لاکھ روپے کا خریدا گیا۔مرمت کے دوران سندھ ہائوس کی گاڑیوں کے فیول کی مد میں 1 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، فیول لینے والی بیشتر گاڑیاں سندھ ہائوس کے زیرِ استعمال بھی نہیں ہیں۔سندھ ہائوس اسلام آباد میں تکیوں اور کمبل کی خریداری پر لاکھوں روپے کے اخراجات کیے گئے، دیگر صوبوں کے ڈومیسائل کے حامل افراد کو سندھ ہائوس میں بھرتی کیا گیا۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق گورنر، وزیرِ اعلی اور دیگر کے کمروں میں کیڑے مار اسپرے پر 7 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔سندھ ہائوس اسلام آباد میں 1 پردے کی دھلائی 7500 روپے میں، 6 لاکھ روپے تمام پردوں کی دھلائی پر خرچ ہوئے، صفائی کے لیے 5 لاکھ روپے کا ڈیٹرجنٹ پاوڈر الگ خریدا گیا۔