وزیراعلی سندھ کی تقریرلسانیت پھیلانے کاایجنڈاہے، پی ٹی آئی کی سندھ اسمبلی میں قراردادجمع
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے تعصب انگیز بیان کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی۔ قرارداد پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی خرم شیر زمان، بلال غفار، جمال صدیقی، ڈاکٹر عمران علی شاہ ، راجہ اظہر، شہزاد قریشی ،ڈاکٹر سیما ضیا ء نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کے دفتر میں جمع کروائی۔ قرارداد میں اراکین نے موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی میں ریاست پاکستان کے خلاف تقریر کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ارکان کو ایوان سے نکال کر باہر پھینکنے کے جملے استعمال کیے۔ ہمارا مطالبہ ہے وزیر اعلیٰ اپنے نفرت انگیز بیان واپس لیں۔ وزیر اعلیٰ معزرت کریں اور ارکان کا باہر پھینکنے کے جملے سے معافی مانگیں۔ بعدازاںسندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں اقتدار میں ہے ، ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کو اعتماد میں لے ۔کوئی قانون لانے سے پہلے سندھ حکومت کو اپوزیشن سے بات کرنی چاہیے تھی۔ سندھ حکومت نے احتجاج کیلئے اپوزیشن کو اکسایا ہے۔ پنجاب کے پی کے ایوانوں میں کبھی ایسے احتجاج نہیں ہوئے۔ آج تمام جمہوریت پسند لوگ پی پی کے خلاف ہے۔ پی پی کیخلاف صرف سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز بھی مخالف ہیں ۔ ان کا پیش کردہ بل تمام اسٹیک ہولڈرز نے بل کو مسترد کیا ہے۔ صرف ہم نہیں پی ڈی ایم کے لوگ بھی اس قانون کو کالا قانون قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے صرف عوام کے مسائل حل کرنے ہیں یا بلاول کے مسائل حل کرنے ہیں ۔ پی پی کے جیالے دن بدن ارب بتی ہورہے ہیں ، پی پی کے بچے پیدائشی امیر ہوتے ہیں ۔ تھر میں آج بھی بچے بھوک و افلاس سے مر رہے ہیں ، سندھ میں تعلیم صحت کا نظام صحیح نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کا صرف ایک ایجنڈا ہے نفرتیں پھیلاؤ ۔ پیپلز پارٹی سندھ کیلئے کینسر بن چکی ہے ۔ سندھ کے لوگوں کو پیپلز پارٹی نچوڑ رہی ہے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے کہا ہے کہ سندھ کیلئے آئینی اقدام کریں ۔ انتخابات سے پہلے یہ سندھ کو برباد کردیں گے۔ وزیراعظم کی ٹیم پر ہمیں اعتماد ہے، ہمیں یقین ہے پاکستان آگے بڑھے گا۔ یہ چور عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی، عمران خان کا مقابلہ کرنے کیلئے کوئی نئی سیاسی جماعت آئے گی۔ ہم صوبے سندھ میں سسک رہے ہیں، ہمارا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے ایوان کو نامناسب قانون پاس کرنے کیلئے استعمال کررہی ہے۔ ہم نے محسوس کیا ہے سندھ کے لوگ ان سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے خرم شیرزمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی تقریر انتہائی شرمناک ہے۔ تقریر سندھ میں لسانی نفرت پھیلانے کا ایجنڈا ہے۔ سندھ نے پاکستان بنایاہے۔ مراد علی شاہ اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے سندھ کے تاریخی قرارداد کو متنازع بنارہے ہیں۔