مودی حکومت مسلمانوں کیخلاف جنگ کر رہی ہے ،صدر عارف علوی
شیئر کریں
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ مودی ہندوتوا کے فسطائی نظریے کو استعمال کر کے مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے ۔ بھارت میں متنازع شہریت بل لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے منظور کروانے کے بعد اسے قانون کا درجہ دینے پرصدر عارف علوی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ گزشتہ روز سے اب تک بھارت سے ہزاروں میسج موصول ہو چکے ہیں جس میں سے ایک کو ٹوئٹ کر رہا ہوں۔صدر عارف علوی کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک بھارتی لڑکی کی ویڈیو شیئر کی گئی جو روتے ہوئے نئی دہلی کی جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے اندر بھارتی پولیس کے لڑکیوں پر بہیمانہ تشدد کے حوالے سے بتا رہی ہے ۔صدر پاکستان نے کہا کہ مودی حکومت فاشسٹ ہندوتوا فسطائیت کو استعمال کر کے مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے ۔واضح رہے کہ بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے پہلے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370اور 35اے ختم کر کے جنت نظیر وادی کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کیا اور بعدازاں شہریت کا متنازع بل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے منظور کروانے کے بعد اسے قانون کا درجہ دے دیا جس کے تحت پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش سے آنے والے غیر مسلم تارکین کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو شہریت نہیں دی جائے گی۔بھارت کی جانب سے شہریت سے متعلق متنازع بل کے خلاف آسام اور مدھیہ پردیش سمیت 6ریاستوں نے اس قانون کو لاگو کرنے سے انکار کر دیا ہے اور مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں جس میں اب تک 6افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔