میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کسی سازش سے خوف ہے نہ سیاسی یتیم ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان

کسی سازش سے خوف ہے نہ سیاسی یتیم ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان

منتظم
هفته, ۱۶ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں کسی سازش سے کوئی خوف نہیں ہے اور نہ ہی ہم سیاسی یتیم ہیں، حکومت آئندہ سال جون تک اپنی مدت پوری کرے گی ٗپاکستان مسلم لیگ (ن) کار کارکردگی کی بنیاد پر عوامی تائید سے 2018ء کے عام انتخابات میں پھر حکومت بنائے گی ٗ مسلم لیگ (ن) کے ساڑھے چار برسوں کا موازنہ 2002ء سے لے کر 2013ء تک بننے والی حکومتوں کے کام سے کیا جائے۔ وہ جمعہ کو یہاں 147 میگاواٹ پترنڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خاں، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی وزراء سمیت پترنڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منصوبہ کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور کوریا کی دوستی کا ایک اہم منصوبہ ہے جس سے آزاد کشمیر میں بجلی کی ضروریات پوری ہوں گی، منصوبہ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنا ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے الحمد اﷲ پاکستان بجلی میں خود کفیل ہو چکا ہے، اس وقت ہماری بجلی کی صلاحیت طلب سے زیادہ ہے اور مختلف منصوبوں اور زیر تکمیل منصوبوں کی تکمیل کے بعد پاکستان 2030ء تک بجلی کی پیداوار میں خود کفیل رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، میں ہمیشہ سے یہ بات کہتا چلا آ رہا ہوں کہ 2002ء سے لے کر 2013ء تک کی حکومتوں اور موجودہ حکومت کے ساڑھے چار سال کا موازنہ کیا جائے، گزشتہ 70 برسوں میں مختلف حکومتوں نے 20 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار دی، ہم نے ساڑھے چار برسوں میں قومی گرڈ میں 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی شامل کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں