سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست واپس لینے پرخارج
شیئر کریں
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری افتخار کی جانب سے سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست واپس لینے پر خارج کر دی۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی جانب سے سنتھیا ڈی رچی سے متعلق 3 درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کی گئی ، اس دوران چوہدری افتخار کی جانب سے سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر درخواست خارج کردی گئی۔دوران سماعت وکیل سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے کہا گیا کہ رحمان ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر کارروائی چاہتے ہیں، سنتھیا ڈی رچی کا بینک اکائونٹ بند ہونے سے وہ معاشی بحران کا شکار ہیں۔وکیل سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت سنتھیا ڈی رچی کے بینک اکائونٹ کھولنے کا حکم دے ۔جس پر جسٹس عامر فاروق کا ریمارکس دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر اس معاملے کو بھی دیکھتے ہیں ، سنتھیا رچی کو ڈی پورٹ کرنے سے متعلق وفاق کے جواب کا انتظار کر لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ سنتھیا ڈی رچی اور رحمان ملک نے ایک دوسرے پر اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے ، عدالت کی جانب سے سنتھیا ڈی رچی اور رحمان ملک کی درخواستیں ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عدالت کی جانب سے تمام درخواستیں آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔