مٹھی، تھری خاندان روٹی کی تلاش میں ایک بار پھر گھر چھوڑنے پر مجبور
شیئر کریں
تھر میں جاری خشک سالی نے ہزاروں خاندانوں کو دو وقت کی روٹی کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور کردیا ہے جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے ۔پانچ بچوں اور شوہر پر مشتمل پچیس سالہ پارتی بھیل کے گھرانے نے آخری مرتبہ گوشت یا گھی کا ذائقہ کب چکھا کچھ یاد نہیں۔ مرچ اور پیاز کاآمیزہ ہی انہیں بہت غنیمت لگتا ہے ۔پارتی بھیل کا کہنا ہے کہ بھوک مٹانے کے لیے مرچ کوٹ کر کھاتے ہیں، کبھی سبزی بھی مل جاتی ہے ،گوشت تو نہیں بس مرچ اور پیاز ہی کھاتے ہیں۔جس روٹی کی تلاش میں اس کْنبے نے تھر سے نقل مکانی کی وہ اب بھی اتنی آسانی سے دستیاب نہیں۔ مقامی زمیندار کے تعاون سے کچی جگہ تو مل گئی لیکن روز کا کھانا فراہم کرنا کبھی اسکے لیے بھی ممکن نہیں رہتا۔ سفر اور نقل مکانی کی صعوبتیں، اوپر سے کم اور غیر مناسب خوراک نے ایسے ہزاروں خاندانوں کو مختلف جسمانی اورذہنی مسائل میں بھی مبتلا کردیا ہے ۔بھوک کی اس صورتحال نے تھر کے جفاکش اور سخت جان لوگوں کو بھی نڈھال کرنا شروع کردیا ہے۔