وفاق کی کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد سے پاکستان ریلوے کا انکار
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار)وفاقی حکومت کی کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کرنے سے پاکستان ریلوے نے صاف انکار کر دیا ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر کی موجودگی کے باجود3 سالہ کنٹریکٹ اورلاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ پر ایڈوائزر تعینات ہو گیا، محکمے کا خسارہ مزید بڑھنے کا امکان۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کی پٹری موجودہ حکومت کے ادوار میں بھی تاحال درست سمت میں نہیں آسکی ہے، 2018 سے 2021 تک کے اعداد و شمار کے مطابق محکمے کی جانب سے مستقل افسران کی نگرانی کے لیے تعینات کیے گئے مشیروں کو تنخواہوں کی مد میں لاکھوں روپے کی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں جس کے بعد بھی کفایت شعاری کا درس دینے والی حکومت خواب غفلت سے بیدار نہیں ہو سکی ہے۔ گزشتہ دنوں ریلوے حکام کی جانب سے پاکستان ریلوے کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنا لوجی میں ایم ون اسکیل میں سید رضا علی شاہ کو 7 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پرایڈاوئزر کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ہے ،جس نے محکمے میں جاری بد انتظامی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ایڈاوئزر کی تعیناتی وزارتِ ریلوے میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹو محسن احسان کی منظوری کے بعد کی گئی ہے۔ ریلوے کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنا لوجی میں سب سے مہنگے ایڈوائزر کی تعیناتی پر محکمے کے متعدد افسران حالیہ دنوں تشویش میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں جس کے تحت آئندہ چند روز میں ان کی تعیناتی سے نا خوش عناصر کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو خط لکھے جانے کا اندیشہ ہے۔