میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ختم نبوت معاملے کو سیاسی الائشوں سے پاک رہنے دیا جائے، نواز شریف

ختم نبوت معاملے کو سیاسی الائشوں سے پاک رہنے دیا جائے، نواز شریف

ویب ڈیسک
پیر, ۱۶ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر ٗسابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ختم نبوت ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے ٗ معاملے کو سیاسی الائشوں سے پاک رہنے دیا جائے ٗانتخابی بل میں غلطی ٗ کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے معاملے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزار ہوں ٗ ختم نبوت کے معاملے پرمنفی اظہارخیال (ن )لیگ کے نظریے ٗپالیسی سے تعلق نہیں رکھتا ۔ ایک بیان میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اس امر کا دو ٹوک اور غیر مبہم اعلان ضروری خیال کرتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مسلمہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام اقلیتوں کو جان و مال سمیت ہر نوع کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ اس حوالے سے کسی طرح کا منفی اظہار خیال مسلم لیگ (ن )کے نظرئیے اور پالیسی سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔ نواز شریف نے کہا کہ مجھے پاکستان کے عوام نے تین بار ملک کا وزیراعظم چنا ٗتینوں بار میں نے ذاتی طور پر اور مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے زبان ، رنگ ، نسل ، مذہب ، عقیدے یا کسی بھی دوسری تمیز و تفریق کے بغیر پاکستان کے عوام کی خدمت کی اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا ۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جماعت ھونے کا اعزاز حاصل ہے۔ بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں خصوصا اقلیتوں کو جس کامل مذہبی اور سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اسے یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ہے جس سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا نواز شریف نے کہا کہ میں اس امر کا واضح اظہار بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ محسن انسانیت حضرت محمد ؐ کی ختم نبوت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان جزو اسلام ہے یہ ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بھی بن چکا ہے۔ یہ معاملہ اب ہمیشہ کیلئے طے ہو چکا ہے۔ بہتر ہو گا کہ اس کی حساسیت کو مد نظر رکھا جائے اور سیاسی آلا ئشوں سے بھی پاک رہنے دیا جائے اس حوالے سے انتخابی بل میں ہونے والی غلطی ، کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے جس کیلئے میں تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں