پارٹی صدر توبن گئے، نواز شریف پھر وزیراعظم نہیں بن سکتے ، خورشید شاہ
شیئر کریں
سکھر(بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ نوازشریف دوبارہ پارٹی صدر تو بن گئے مگرمیں نہیں سمجھتا وہ پھروزیراعظم بن سکیں گے،ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اتوار کو سکھر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملکی معیشت کسی صورت قرضوں پر نہیں چل سکتی، معیشت کاسب سے اہم حصہ ریاست کا استحکام ہے اورملک میں استحکام معیشت کی بہتری سے آتا ہے ، حکومت مستحکم نہیں ہوگی تو بڑا نقصان ہوتا ہے، ادارے کمزورہوں گے توسسٹم کمزورہوگا جب کہ اداروں کے تصادم سے ریاست کمزورہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا کام حکومت کی کوتاہیوں کو سامنے لانا ہے، جمہوری تقاضے پارلیمنٹ میں پورے کرنے کی کوشش کی، حکومت کی مدت 4 سال ہوتی تویہ مشکلات نہیں ہوتیں۔ معیشت کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ہماری درآمدات اوربرآمدات پہلے کہاں تھیں اوراب کہاں ہیں، پاک فوج بھی اسٹیک ہولڈر ہے، معیشت پربات کرنااس کابھی حق ہے جب کہ عام آدمی کا بھی حق بنتا ہے کہ معیشت پربات کرے۔خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سے بات ہوئی ہے، صحت سے متعلق اصلاحات لائیں گے، سندھ حکومت نے 5 ہزارنئے ڈاکٹربھرتی کئے ،سندھ میں اسپتال بنائے جارہے ہیں، ان کاموں کیلئے 8 ،10 سال اورچاہیئں۔