توہینِ مذہب، فیصل آباد میں 4 گرجا گھرنذر آتش، کراچی میں ہائی الرٹ
شیئر کریں
پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے شہر جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، شہر میں امن و امان کی مکمل بحالی اور صورتحال معمول پر آنے تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، سابق وزیر اعظم شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، مریم نواز و دیگر کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جڑانوالا میں اقلیتوں کی املاک پر حملوں کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہ اپنے بیان میں کہا کہ جڑانوالا کے مناظر نے دہلا کر رکھ دیا ہے، اقلیتوں کو نشانہ بنانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جڑانوالا واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔اپنے بیان میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ حکومت تمام پاکستانیوں کا مساویانہ تحفظ کرے گی۔دوسری جانب سابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ جڑانوالا میں جو ہوا بہت ہی پریشان کن تھا، کسی بھی مذہب میں تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، تمام عبادت گاہیں، مقدس کتابیں اور شخصیات معتبر و مقدس ہیں، ہمیں ان کا احترام کرنا چاہیے۔سابق وزیر اعظم نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ساتھ ہی تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور اس عمل کی مذمت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام مذاہب کے لوگوں کا ملک ہے، یہاں اس قسم کے پاگل پن کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اقلیتی املاک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالا واقعے کے بارے میں سن کہ لرز کر رہ گئے تھے، عبادت گاہوں کے تقدس کی پامالی کسی طور قابل قبول نہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنائے۔مریم نواز نے کہا کہ مذاہب اور عبادت گاہوں پر حملے کسی طور پر قابل قبول نہیں، جڑانوالہ کے پرتشدد واقعات کی پرزور مذمت کرتی ہوں۔