10 محرم الحرام تک جلوس گاہ ، اطرافی سڑکیں کنٹینرسے سیل
شیئر کریں
کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے راستوں کو کنٹینر لگاکر سیل کردیا گیا جبکہ اس حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔کراچی میں 8 محرم کے جلوس کی گزرگاہ کے اطراف گلیوں اور راستوں کو سیل کردیا گیا جبکہ کنٹینرز لگا کر بند کیے جانے والے راستوں میں ایم اے جناح روڈ، سولجربازار، صدر، جامع کلاتھ، لائٹ ہاوس اور کھارادر شامل ہیں۔کراچی میں آج سے 10 محرم الحرام تک اورنج لائن اور گرین لائن بس سروس معطل رہے گی۔کراچی میں آج نکلنے والے 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کیلئے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کی گزرگاہوں پر موجود دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں عوام کی سہولت کے لیے 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوس کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا اور جلوس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند ہو گا۔ڈی آئی جی ٹریفک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 8، 9 اور 10 محرم الحرام کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کراچی کا ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک بند رہے گا جبکہ نیو ایم جناح روڈ، پریڈ اسٹریٹ سے بھی جلوس کے سوا کسی اور گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ان تینوں دن مرکزی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہو گا اور اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔کسی کو بھی جلوس کے روٹ پر گاڑی کھڑی کرنی کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف ان گاڑیوں کو جلوس میں داخلے کی اجازت ہو گی جن کی ونڈ اسکرین پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چسپاں ہو گا۔جلوس میں شامل ہونے کے لیے اسٹیکر والی گاڑیوں کو براستہ شاہراہ قائدین سوسائٹی لائٹ سگنل سے داخلے کی اجازت ہو گی۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری متبادل راستوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ناظم آباد سے آنے والے افراد لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب
گارڈن سے ہوتے ہوئے منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔لیاقت آباد سے آنے والے افراد تین ہٹی سے لسبیلہ چوک اور بائیں جانب مڑ کر سینٹرل جیل(مارٹن روڈ)کی جانب جا سکتے ہیں۔حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والے افراد کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل(شاہراہ قائدین) اور جیل فلائی اوور تین ہٹی سے نشتر روڈ(لسبیلہ چوک) جاسکتے ہیں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹرک اور ٹرالر سمیت ہیوی ٹریفک کے لیے بھی متبادل راستوں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ سپر ہائی وے سے ایم اے جناح روڈ کی طرف جانے والا تمام ہیوی/کمرشل ٹریفک لیاقت آباد نمبر10 سے ناظم آباد چورنگی نمبر2 کی طرف موڑ دیا جائے گا جو براستہ حبیب بینک فلائی اوور شیرشاہ سے ماڑی پور تک جاسکے گا اور یہی راستہ واپسی کے لیے بھی اختیار کیا جائے گا۔نیشنل ہائی وے سے شہر کی طرف جانے والے تمام ہیوی/ کمرشل ٹریفک کو براستہ شاہراہ فیصل یا راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر، لیاقت آباد نمبر 10، ناظم آباد چورنگی نمبر2، حبیب بینک فلائی اوور کے راستے شیرشاہ سے ماڑی پور تک آنے کی اجازت ہو گی اور واپسی کے لیے یہی راستہ اختیا کیا جائے گا۔کسی بھی قسم کی چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی اور اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ، سولجر بازار کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ناظم آباد سے آنے والے شرکا لسبیلہ، البیلا، گارڈن جماعت خانہ، سولجر بازار نمبر 3 سے لائٹ سگنل پہنچ کر نمائش جا سکتے ہیں۔لیاقت آباد سے آنے والے تین ہٹی، جہانگیر روڈ اور پھر گرومندر سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچیں گے۔اسی طرح سوسائٹی کے رہائشی لائٹ سگنل سے نمائش کی رہا لے سکیں گے جبکہ گلستان جوہر و گلشن اقبال کے رہائشی براستہ یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی سے ہوتے ہوئے کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل پہنچ کر نمائش کی راہ لے سکتے ہیں۔وہ تمام گاڑیاں جو سبیل یا نیاز یا تبرک تقسیم کرنے کے لیے جلوس میں شامل ہوں گی، ان گاڑیوں کا جلوس میں انٹری پوائنٹ صرف ٹاور میں میمن مسجد کے مقام پر ہو گا۔