مینڈیٹ چور حواس باختہ ہوچکے ہیں،علی امین گنڈاپور
شیئر کریں
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت پر پابندی لگانا خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، مینڈیٹ چوروں کی حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے۔وفاقی حکومت کے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت مینڈیٹ چور ہے جو جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا فارم 47 کی بنیاد پر بنی حکومت یہ فیصلہ کرے گی، موجودہ مینڈیٹ چور سرکار نے خود ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، الیکشن ٹریبونل اور مستقبل میں آنے والے فیصلوں سے ان کا دھڑن تختہ ہوجائیگا۔انہوںنے کہاکہ مینڈیٹ چور سرکار کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے، ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا ہے، یہ جو بھی کریں، ان کا مقابلہ کریں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کیا یہ ملک ان کے باپ کا ہے کہ یہ جو دل میں آئے فیصلے کریں؟ مخصوص نشستوں پر فیصلہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق کیا ہے۔