حکومت مدت پوری ہونے سے پہلے چلی جائے گی ،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق اشارہ دیا اور کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری ہونے سے پہلے چلی جائے گی۔سیالکوٹ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے مدت سے پہلے اسمبلی توڑنے کا اشارہ دیا اور کہا کہ نگراں حکومت 90 دن کیلئے آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت اگلے ماہ اپنی مدت مکمل کرے گی لیکن ہم مدت پوری ہونے سے پہلے جائیں گے اور نگران حکومت آئے گی۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ روپیہ مستحکم ہوا تو ہم نے پیٹرول سستا کر کے عوام کو ریلیف دیا، معیشت مستحکم ہوگی تو قرضے نہیں لینے پڑیں گے۔اْن کا کہنا تھا کہ خواتین کیلیے اس سال کے بجٹ میں 5 ارب روپے رکھے ہیں، قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک خواتین اس کا حصہ نہ بنیں۔شہباز شریف نے کہا کہ تمام بچیوں کو جو تعلیم حاصل کرتی ہیں عملی میدان میں آنا ہوگا، ہمیں دوبارہ موقع ملا تو نوازشریف کی قیادت میں ہر بچی کو لیپ ٹاپ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم کی بیٹیوں کو کہتا ہوں لیپ ٹاپ آپ کو دینا کوئی احسان نہیں، لیپ ٹاپ صرف میرٹ کی بنیاد پر دیے گیے ہیں، اس سال بھی ایک لاکھ لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔