چاولوں کی قیمت میں10تا15روپے کلو کا اضافہ
شیئر کریں
اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر چینی کی قیمت تو کم نہ ہوسکی تاہم بجٹ کے فوری بعد رائس ملز مالکان نے مختلف اقسام کے چاولوں کی قیمت میں10تا15روپے کلو کا اضافہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز مالکان کو فوری چینی کی قیمت کم کرکے 70روپے کلو کرنے کی ہدایت دی تھی، تاہم3روز گزر جانے کے باوجود بھی چینی کی قیمت 85روپے کلو سے کم نہ ہوسکی اور ملک بھر میں چینی کہیں بھی70روپے کلو میں فروخت نہیں ہورہی۔دوسری جانب بجٹ کے فوری بعد رائس ملز مالکان نے مختلف اقسام کے چاولوں کی قیمت میں10تا15روپے کلو کا اضافہ کردیا ہے جس نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرادیا ہے ،روزمرہ کے کھانے پینے کی اشیا میں آٹے اور چاول کی کھپت انتہائی زیادہ ہے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹوٹا چاول کی قیمت بڑھ کر120روپے اور باسمتی چاول کی قیمت بڑھکر150تا150روپے کلو کردی گئی ہے ،اسی طرح داغی،سپر کرنل اور دیگر چاول کی قیمتوں میں بھی10تا15روپے کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ ہول سیل اور ریٹیل سطح پر چاولوں کی قیمت میں10روپے کا فرق بتایا جاتا ہے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق چاول کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں ،تاہم اب ہول سیل سے دکانداروں کو چاول مہنگا مل رہا ہے ۔