میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جعلی رپورٹس دکھا کر فرار ہوا جا سکتا ہے تو ای سی ایل کا کیا فائدہ؟ اسد عمر

جعلی رپورٹس دکھا کر فرار ہوا جا سکتا ہے تو ای سی ایل کا کیا فائدہ؟ اسد عمر

ویب ڈیسک
منگل, ۱۶ جون ۲۰۲۰

شیئر کریں

وفاقی وزیر اسد عمر نے لیگی رہنما خواجہ آصف کے مطالبے پر انھیں طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ میرا تو ای سی ایل سے اعتماد ہی اٹھ گیا ہے، اگر جعلی رپورٹس دکھا کر فرار ہوا جا سکتا ہے تو اس کا کیا فائدہ؟قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی دعا بڑی خطرناک ہوتی ہے، مجھے ڈر ہے کہ (ن) لیگ کو آئندہ انتخابات میں کوئی سیٹ ہی نہ ملے۔ انہوں نے جب کینسر ہسپتال کیخلاف تقریر کی تو اس سال ریکارڈ چندہ ملا تھا۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب پتی لندن میں ہمیں کافی پیتے ہوئے نظر آتے ہیں، انہیں واپس آنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے انھیں پھنسا دیا، بے چارے جعلی رپورٹس لے کر باہر بیٹھے ہیں۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانی عوام کی طاقت کے ذریعے اقتدار تک پہنچے۔ یہی لوگ کہتے تھے کہ وہ کرکٹر ہیں، ان کو سیاست کا کیا پتا؟ اس سے قبل 2013 میں تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی۔ پانچ سال یہی سنتے تھے کہ پرویز خٹک ناکام ہوئے لیکن اس کے بعد ہمیں وہاں دوبارہ اقتدار ملا۔ اپوزیشن اپنے اعمال کا خود جواب دے، عمران خان کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے نوکروں کے اکاؤنٹس میں سے اربوں روپے نکلے۔ نیب قوانین آپ نے بنائے اور چیئرمین نیب کو بھی آپ لوگوں نے نامزد کیا تھا۔ قانون آپ کا بنایا ہوا، نافذ کرنے والا آپ کا تعینات کردہ لیکن الزام پی ٹی آئی پر لگاتے ہیں۔پاکستان میں کورونا کی صورتحال اور حکومتی اقدامات پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن کی پالیسی دنیا میں ناکام ہوئی۔ امیر ترین ممالک بھی زیادہ دیر تک لاک ڈاؤن برداشت نہیں کر سکے۔ امریکا میں موجودہ صورتحال کی وجہ سے 4 کروڑ لوگ بے روزگار ہوئے۔ کورونا کے وجہ سے برطانیہ کی معیشت 20 فیصد گر چکی ہے۔ بھارت میں 65 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ وہاں لاک ڈاؤن کے باوجود اموات بڑھیں۔ بھارت نے مکمل لاک ڈاؤن کیا، پھر وہاں کورونا کیوں ختم نہیں ہوا؟ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپوزیشن کے اعصاب پر ہمیشہ سے سوار رہتے ہیں۔ خواجہ آصف کی تقریر سے ایسا لگا جیسے کورونا عمران خان کی وجہ سے آیا۔ کیا دیگر ممالک میں بھی کورونا عمران خان کی وجہ سے آیا؟ کورونا وبا 180 سے زیادہ ممالک میں پھیلی ہوئی ہے۔ ان ممالک میں پی ٹی آئی کی حکومت نہیں ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں