میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس، 9 مئی کے واقعات پر آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ

اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس، 9 مئی کے واقعات پر آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک
منگل, ۱۶ مئی ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں 9 مئی کے واقعات پر آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جی ایچ کیو میں ہونے والی سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کے موجودہ حالات پر غور کیا گیا، 9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، شرکاء نے بتایا کہ آرمی کے رینک اور فائل میں عسکری تنصیبات کو نقصانات پہنچانے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والے افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر افواج پاکستان ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے مجرموں سے بخوبی واقف ہیں۔خصوصی کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض سیاسی مفادات کیلئے لوگوں کو استعمال کیا، کسی بھی حلقے کی جانب سے قیام امن و امان میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔کانفرنس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہداء کی یاد گاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر ایک منصوبے کے تحت عمل کرایا گیا تاکہ ادارے کی بدنامی ہو سکے، یہ سارا عمل ایک ذاتی سیاسی ایجنڈے کے حصول کیلئے تھا۔آرمی چیف نے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل اور پختہ رد عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے، کانفرنس کے شرکاء نے بیرونی طور پر سپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پراپیگنڈے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔شرکاء نے اتفاق کیا کہ شرمناک پراپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج جبکہ مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے، دشمن قوتوں کے شیطانی پراپیگنڈے کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی، افواج پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں