لندن پلان مکمل سامنے آچکا ، بغاوت کا مقدمہ قائم کیا جائے گا،عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لندن پلان مکمل طور پر سامنے آچکا ہے، میری گرفتاری کے بعد جو پرتشدد واقعات ہوئے انہیں بہانہ بنا کر اب میرے خلاف بغاوت کا مقدمہ قائم کیا جائے گا ،لندن پلان یہ ہے کہ میری اہلیہ بشری بیگم کو جیل میں ڈال کر مجھے اذیت پہنچائی جائے گی اور مجھے اگلے دس سال تک جیل میں رکھنے کے لیے بغاوت کا مقدمہ استعمال کیا جائے، حکمرانوں نے جج، جیوری اورجلادکاکردار بھی خود ہی سنبھال لیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ اب لندن پلان تو کھل کر سامنے آچکا ہے،منصوبہ اب یہ ہے کہ بشری بیگم کو زندان میں ڈال کر مجھے اذیت پہنچائیں، یہ منصوبہ بھی ہے کہ بغاوت کے کسی قانون کی آڑ لے کر مجھے آئندہ دس برس کے لئے قیدکر دیں، اس کے بعد تحریک انصاف کی بچی کھچی قیادت اور کارکنان کو بھی پوری طرح جکڑ لیں گے اور آخر میں پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی جماعت پر اسی طرح پابندی لگا دیں گے جیسے انہوں نے مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ پر لگائی۔انہوں نے کہا کہ یہ یقینی بنانے کیلئے کہ عوام کی جانب سے کوئی ردعمل نہ آئے، انہوں نے دو کام کئے ہیں، اول تو محض تحریک انصاف کے کارکنان ہی کو خوفزدہ نہیں کیا جارہا بلکہ عام شہریوں کے دلوں میں بھی خوف بٹھایا جارہا ہے، میڈیا پر پوری طرح قابو پایا جا چکا ہے اور بازور جبر اس کی آواز دبائی جاچکی ہے، اب پھر یہ انٹرنیٹ سروسز معطل کردیں گے ، سوشل میڈیا، جو پہلے ہی جزوی طور پر چل رہا ہے کو پوری طرح بند کردیا جائے گا، اس دوران جبکہ میں آپ سے مخاطب ہوں،گھروں کی حرمت پامال کی جارہی ہے، پولیس نہایت بے شرمی سے گھر کی چار دیواری میں موجود خواتین سے بدتمیزی وبدسلوکی میں مصروف ہے۔