عمران خان کی حکومت امریکا نے نہیں اللہ نے ختم کی، مصطفی کمال
شیئر کریں
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار عمران خان کو یقین ہی نہیں کہ انکی حکومت امریکا نے نہیں بلکہ اللہ نے گرائی ہے۔ عمران خان کو اپنی حکومت ختم ہونے پر کراچی کے لوگوں سے کچھ نہ کرنے پر معافی مانگنی چاہیے تھی جو نہیں مانگی، اس طرز عمل پر کراچی نے فیصلہ کیا کہ کراچی اب دھوکا نہیں کھائے گا۔ اللہ انسان کو دے کر، طاقت دے کر اس کا ظرف آزماتا ہے اور چھین کر صبر آزماتا ہے۔ عمران خان اللّٰہ تعالیٰ کے دونوں ہی امتحانات میں ناکام ہوچکے ہیں۔ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ لوگ بہت ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ لوگ فرعون، کربلا میں یزید کے ساتھ اور 3 مارچ 2016 کو الطاف حسین کے ساتھ بھی بہت تھے۔ ٹی ایل پی کے لوگ فرانس کے سفیر کو نکالنے کے لیے لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر آئے تو کیا عمران خان کی حکومت نے عوام کی تعداد دیکھ کر انکی بات مان لی؟ عمران خان کے احکامات پر پولیس نے ان پر سیدھی فائرنگ کی، درجنوں عاشقان رسول محمد ﷺ کو شہید کر دیے گئے۔ وہ جن پر آپ نے گولیاں برسائیں وہ عاشق رسول تھے، عمران خان صاحب آپ عاشق اقتدار ہیں۔ آپکی بات کسی صورت نہیں مانی جائے گی۔ کل بھی کہتا تھا آج بھی کہتا ہوں سندھی آج کے دور کے انصار ہیں لیکن آج بھی چند لوگ نفرت بو کر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔ آصف زرداری نے اسمبلی کے فلور پر مہاجروں کو پناہ گزین اور ہندوستان سے بھاگ کر آئے ہوئے لوگ کہہ کر انتہائی غیر زمہ دارانہ اور تعصبانہ بیان دیا ہے۔آصف زرداری کو بتانا چاہتا ہوں مہاجر پناہ گزین نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت آئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی سرزمین کو ترک کر جانے والے ہندوؤں کو بھارت میں مسلمانوں کی زمینیں اور جائیدادیں دی گئیں۔اس معاہدے کے تحت جو ہندؤں نے پاکستان میں جو جائدادیں ترک کیں وہ ہندوستان سے آنے والے مسلمانوں کو ملنا تھیں اسے ہی متروکہ سندھ کہتے ہیں۔ متروکہ کا مطلب ترک شدہ زمینوں اور جائیدادوں کا مالک بننا تھا جو آپ جیسے حکمران ہڑپ کر کے بیٹھ گئے۔ آصف زرداری ہم آئے تو پاکستان ساتھ لیکر آئے، آصف زرداری تمہیں کرپٹ ایم کیو ایم کی عادت ہوگئی ہے۔ پی ایس پی کو ایم کیو ایم سمجھنے کی غلطی نا کرنا ،آج سندھ کا نوجوان ایک ہے۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے جھانسے میں نہیں آئے گا،کوٹہ سسٹم کو ختم کرنے کے لیے ایم کیو ایم بنی لیکن وہ بازاری ہوگئی۔ جس دن ہمارے پاس مینڈیٹ آیا اس دن کوٹہ سسٹم کو ختم کرکہ دکھائیں گے۔ امریکا سے آزادی کی نام نہاد مہم چلانے والے عمران خان اگر امریکا کے دورے سے واپسی پر امت کی بیٹی عافیہ صدیقی کو ساتھ لاتے تو آج قوم آپ کے قول کی سچائی پر یقین کرتی لیکن جس امریکا سے آزادی کا آپ نعرہ مار کے عمران خان قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں اسی امریکا کی مدد سے بھارت نے آپکے دورہ امریکہ کے چند دن بعد کشمیر ہڑپ لیا، عمران خان نے کشمیر پر بھارتی قبضے کا جواب یہ دیا کہ اپنے ہی ملک میں چند جمعے آدھے گھنٹے کے لیے ٹریفک روک کر کھڑے ہو گئے، پوری قوم کو کہا تم بھی یہی کرو۔ 2018میں جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے ،2018 میں عمران خان نے اسی گراونڈ میں جو وعدے کیے تھے وہ پورے تو کیا ہوتے سب کچھ چھن گیا۔