میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سابق صدر آصف زرداری نیب راولپنڈی میں پیش

سابق صدر آصف زرداری نیب راولپنڈی میں پیش

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۶ مئی ۲۰۱۹

شیئر کریں

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی میں پیش ہوگئے ۔نیب راولپنڈی نے بد عنوانی سے متعلق متعدد کیسز اور جاری تحقیقات میں تفتیش کے لیے سابق صدر آصف زرداری کو طلب کررکھا تھا۔آصف زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک، پی پی کے رہنما نیر بخاری، رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ اور دیگر رہنما بھی نیب آفس پہنچے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیب نے انہیں تین مختلف کیسوں میں سوالنامہ دیا ہے ۔نیب نے ہریش اینڈ کمپنی کے اکاونٹ سے نوڈیرو ہاوس پر اخراجات کے الزام میں آصف زرداری کو طلب کیا تھا۔سابق صدر سے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی جس کے بعد وہ واپس روانہ ہوگئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو 3 مختلف کیسوں میں سوالنامہ دیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری سے مجموعی طور پر جے وی ایل کیس میں 26 سوال پوچھے گئے ۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو ودود انجینئرنگ کیس میں 30 سوالوں کا سوالنامہ دیا گیا جب کہ زین ملک اور مشتاق کیس میں 20 سوال دیے گئے ۔آصف علی زرداری کو 26 مئی تک تمام سوالات کے جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اس سے قبل نیب میں پیشی کے بعد سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کو کسی بھی قسم کا سوالنامہ دیے جانے کی تردید کی تھی۔نیب میں آصف زرداری کی پیشی کے بعد ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی کے شریک چیئرمین پر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے کیس میں آصف زرداری کو ملزم نہیں بنایا گیا، اس کے باوجود سابق صدر کو آج طلب کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پارک لین کیس میں بھی ایک نوٹس بھیجا گیا ہے ، پارک لین میں آصف زرداری میں نہ ڈائریکٹر ہیں اور نہ ہی شیئر ہولڈر جبکہ پارک لین کے دیگر ڈائریکٹرز نے قرضہ لیا جس کا آصف زرداری کو کوئی علم نہیں۔فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو سوال نامہ نہیں دیا گیا، الزام لگا کر کسی کو بدنام کرنا بہت آسان ہوتا ہے ، ثابت کرنا مشکل اور ساتھ ہی دعوی کیا کہ جتنے بھی الزامات لگ رہے ہیں ان میں سرخرو ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے خلاف تاحال ایک ہی ریفرنس دائر کیا گیا ہے جبکہ جعلی اکاونٹس کیس میں آصف زرداری کا کوئی کردار نہیں۔ فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاونٹس کیس کے علاوہ تاحال نیب کی جانب سے کوئی ریفرنس دائر ہی نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ شگر ملز مالکان نے کس اکاونٹ سے پیسے دیئے اس سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں، آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس نہیں بنتا جبکہ بلاول بھٹو کا تو بالکل کوئی کردار نہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو ان کیسز میں طلب کیا جا رہا ہے جن کیسز میں وہ ملزم نامزد ہی نہیں ہوئے ۔فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری بالکل معصوم ہیں، پارک لین سمیت دیگر مقدمات میں ان کا کوئی کردار نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ان تمام کیسز سے سرخرو ہوگئی۔واضح رہے کہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر آصف زرداری نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت دی۔نیب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی طلب کیا تھا تاہم انہوں نے مصروفیات کے سبب 17مئی کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پیش ہونے سے معذرت کرلی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں