تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے مستعفی
شیئر کریں
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ قاسم خان سوری کا استعفیٰ سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر کوموصول ہوا۔ ہفتہ کے روز ہی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر خفیہ ووٹنگ ہونا تھی تاہم انہوں نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ واضح رہے کہ3 اپریل کو قاسم خان سوری نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کی بجائے ایوان کی کارروائی کو بلڈوز کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو آئین اور قانون کے خلاف قراردے کرمسترد کردیا تھا۔ اس معاملہ پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخود نوٹس لیا تھا اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔ عدالت کے پانچ رکنی بینچ نے قاسم خان سوری کی رولنگ کو کالعدم قراردے کر دوبارہ نو اپریل کوسابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ووٹنگ کروانے کا حکم دیا تھا۔ اسد قیصر نے ووٹنگ کروانے کی بجائے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سردار ایاز صادق نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروائی اور یہ تحریک کامیاب ہو گئی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں نے قاسم خان سوری کے غیر قانونی اقدامات کے معاملہ پر تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔