سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج ملاقات کی جس میں سندھ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے ، صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تھر کول کے منصوبے سے نہ صرف ملک میں توانائی کی ضرورت پوری ہو گی بلکہ علاقے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ملاقات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔