کورونا کی تیسری لہر ،سندھ حکومت کا 15اپریل تک نئی پابندیوں کا اعلان
شیئر کریں
کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ نے 15اپریل تک تمام کاروبار، شاپنگ مال اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دے دیاہے۔محکمہ داخلہ حکومت سندھ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام کاروبار، دکانوں، شاپنگ مال اور شادی ہال کو صبح 6 بجے سے لے کر رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی البتہ میڈیکل اسٹور، کلینک، ہسپتال، پیٹرول پمپ، بیکری، دودھ کی دکانوں اور ریسٹورنٹس کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔محکمہ داخلہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پارکس شام 6 بجے تک بند کر دیے جائیں گے، جبکہ سرکاری اور نجی دفاتر میں 50فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور بقیہ عملے کو گھر سے کام کرنے کا کہا گیا ہے۔اس سلسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ شادی ہال کے اندر تقریبات کی اجازت نہیں ہو گی اور آئوٹ ڈور میں ایس او پیز کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 300افراد کو تقریب میں شرکت کی اجازت ہو گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ ریسٹورنٹ کے اندر بھی بیٹھ کر کھانے کی اجازت نہیں ہو گی اور وہ ہوم ڈیلیوری یا کھانا گھر لے جا کر کھا سکیں گے۔صوبائی حکومت نے نئی پابندیوں کا اطلاق کرتے ہوئے ان ڈور جم، کھیلوں کی سہولیات، سینما، تھیٹر اور مزارات پر بھی پابندی عائد کردی ہے، جبکہ باہر منعقد کی جانے والی تقریبات میں بھی زیادہ سے زیادہ 300افراد کو بلانے کی اجازت ہو گی۔ان تمام پابندیوں کے اطلاق کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری اور نجی دفاتر کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات پر فیس ماسک اور سماجی فاصلوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی مقام پر وبا کے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی ہوتی ہے تو سابقہ فیصلے کے تحت متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا جائے گا۔