سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج ، تعداد 3 ہوگئی
شیئر کریں
کراچی (کرائم رپوررٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف تیموریہ تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ علینہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں تشدد، حبس بے جا میں رکھنے سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی علینہ نے کہاکہ سلمان مجاہد کے خلاف تمام ثبوت پولیس کو دے دیئے ہیں ان سے کوئی رقم نہیں لی،بھائی نے بھی کوئی حلف نامہ نہیں دیا، ہمارے خلاف درج کروائی گئی ایف آئی آر بے بنیاد ہے ۔علینہ نے میڈیا پر چلنے والی تصاویر کے بارے میں کہا کہ ان تصاویر کو غلط انداز سے پیش کیا گیا ہے سب تصاویر میری فیملی کی موجودگی میں لی گئیں۔ سماجی رہنما صارم برنی نے میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ ہم ایسے لوگوں کو پارلیمنٹ میں دیکھنا نہیں چاہتے جو لوگوں کو اغواء کرتے ہوں، علینہ کو انصاف دلوانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔واضح رہے کہ علینہ نے دو روز قبل بھی سلمان مجاہد بلوچ پر جنسی زیادتی سمیت دیگر الزامات میں گلشن اقبال تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا، جبکہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے کارکن کو اسلحہ دکھانے اور ڈرانے دھمکانے پر بھی ایم کیو ایم رہنما کے خلاف گذری تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ایم کیو ایم کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف تین روز میں درج مقدمات کی تعداد 3 ہوگئی ہے ۔