چیف جسٹس عمران خان جیسی زبان استعمال کررہے ہیں،نوازشریف
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سربراہ ٗ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اعلیٰ ترین منصب پر فائز جج صاحبان جس طرح کی زبان استعمال کررہے، وہ انہیں زیب نہیں دیتی، بلکہ یہ ان کے اپنے منصب کی توہین ہے ٗہم سمجھوتہ کرنے والے لوگ نہیں اور کیا پی سی او ججز ہمیں اخلاقیات کا درس دیں گے ٗ عمران خان اور ججز کی زبان میں کیا فرق رہ جاتا ہے ٗ سارا معاملہ یکطرفہ نہیں ہونا چاہیے ٗمشرف کے زمانے میںپی سی او کے تحت حلف لینے والے ججز ہمیں اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں، یہ ہمیں قبول نہیں ٗ کسی پاکستانی کو قبول نہیں کر نا چاہیے ٗ یہ لوگ خود اپنے حلف کے ساتھ غداری کر تے ہیں ٗ احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جس طرح کے الفاظ اخباروں اور ٹیلی ویژن پر دیکھ رہے ہیں کیا یہ ان کے منصب کی توہین نہیں ہے؟انہوں نے کہا کہ جس طرح کے جملے اور الفاظ استعمال کیے جارہے کیا اس کے لیے بھی کوئی قانون ہے؟ نواز شریف نے کہا کہ جج صاحبان جو زبان استعمال کر رہے ہیں،یہی زبان عمران خان بھی استعمال کر رہے ہیں، اگر چیف جسٹس بھی استعمال کریں تو ان کی اور عمران خان کی زبان میں کیا فرق رہ جاتا ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ سارامعاملہ یکطرفہ نہیں ہونا چاہیے، لیکن ہم ان پر صبر کرتے ہیں، تاہم ہر انسان کا ایک ضمیر اور ایک ضبط ہوتا ہے اور ہم اس پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔